محکمہ منرل اینڈ انڈسٹریز میں آسامیاں ہونے کے باوجود ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر ادارے میں گیارہ سال سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین نے وزیراعلی ہائوس گلگت کے سامنے احتجاج کیا۔

محکمہ منرل اینڈ انڈسٹریز کے کنٹریکٹ ملازمین پچھلے گیارہ سالوں سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود نہ تو ان ملازمین کو مستقل کیا جارہا ہے اور نہ انہیں پچھلے14 ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔اسی تناظر میں ان ملازمین نے وزیراعلی ہائوس گلگت کے سامنے احتجاج کیا اور اپنے جائز مطالبات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ملازمین کا کہنا تھا کہ پی پی دور کی منظوری کے بعد محکمہ میں آسامیاں ہونے کے باوجود انہیں ان آسامیوں پر مستقل نہیں کیا جارہاجس کی وجہ سے معاشی حالات کا یہ عالم ہے کہ ان کے گھروں میں فاقہ کشی کا راج چل رہا ہے۔ ملازمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام محکموں میں پی سی فور کی ریگولر پوسٹوں پر انہی کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جاتا ہے جبکہ محکمہ منرل اینڈ انڈسٹریز نے ہمیں تاحال مستقل نہیں کیا ۔ملازمین نے وزیر اعلی گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کا فوری حل تلاش کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں